پاکستان  نے تیسری بار سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی


ویب ڈیسک July 29, 2026

پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دیتے ہوئے تیسری بار کاوا سینٹرل ایشیا والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے کاوا سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپئن شپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل بنگلادیش اور ازبکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں بنگلادیش کی ٹیم نے ازبکستان کو شکست دے کر فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا تھا۔

دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیکر فائنل کیلیے کوالیفائی کیا۔

کاوا چیمپئن شپ کا فائنل پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان لیاقت جمنازیم اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے بنگلا دیش کو شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم نے پہلا سیٹ 25-20، دوسرا سیٹ 25-16 اور تیسرا سیٹ 25-20 سے جیت کر چیمپیئن شپ اپنے نام کی۔

پاکستان کی پہلی خاتون والی بال ریفری کی ایکسپریس سے گفتگو

 

پاکستان کی پہلی خاتون والی بال کی ریفری شافعہ ارشد نے کہا کہ ملک میں خواتین کھلاڑیوں اور آفیشلز کا مستقبل روشن ہے، پاکستانی خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں ملک کا نام روشن کیا، والی بال پاکستان کا مقبول ترین کھیل بن گیا ہے۔

 لیاقت جلنازیم میں ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرے ماموں وسیم فیروز قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ وابسطہ رہے ہیں اور مجھے والی بال کے کھیل کے ساتھ جنون کی حد تک کا لگاؤ ہے، میں پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب کی مشکور ہوں کہ انہوں نے میری ہر لمحہ حوصلہ افزائی کی اور مجھے سپورٹ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ والی بال ملک کا مقبول ترین کھیل ہے اور اس کھیل سے وابسطگی بہت پرانی ہے مقامی سطح کے مقابلوں میں بطور ریفری فرائض سر انجام دینے کے بعد جکارتہ سے ریفری کا کورس کیا اور اس کورس سے بہت فائدہ ہوا، بہت کچھ سکھنے کو ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی والی بال ٹیم کی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں کامیابی قومی کھلاڑیوں کی محنت ہے اور اس بارے میں کوچز اور کھلاڑیوں نے بہت محنت کی، یہ ایونٹ ایشیا کا اہم ترین ایونٹ ہے اور ان کھلاڑیوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔