ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد ملائیکہ اروڑا اب کس کی محبت میں گرفتار ہیں؟

اجنبی شخص کے ساتھ میڈیا فوٹوگرافرز کے مسلسل تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر ملائیکہ واضح طور پر ناراض دکھائی دیں


ویب ڈیسک July 29, 2026

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑا ایک مرتبہ پھر اپنی نجی زندگی کے باعث سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔ اداکار ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد اب ایک نامعلوم شخص کے ساتھ ان کی موجودگی نے نئی ڈیٹنگ افواہوں کو جنم دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک وائرل ویڈیو میں ملائکہ اروڑا کو ایئرپورٹ سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ آرام دہ لباس میں ملبوس تھیں، جبکہ ان کے ساتھ موجود شخص نے سیاہ ٹی شرٹ، نیلی جینز، کیپ اور سن گلاسز پہن رکھے تھے۔ ویڈیو میں دونوں ایک ساتھ چلتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ مذکورہ شخص راستے میں موجود لوگوں سے خوش اخلاقی سے بھی ملتا رہا۔

اس دوران میڈیا فوٹوگرافرز مسلسل ملائیکہ کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں مصروف رہے، جس پر اداکارہ واضح طور پر ناراض دکھائی دیں۔ انہوں نے پاپارازی کے رویے پر اپنی برہمی کا اظہار بھی کیا، جس کی جھلک ویڈیو میں دیکھی جا سکتی ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

یہ ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں تبصرے شروع کر دیے۔ بعض افراد نے اسے ملائیکہ کی نئی محبت قرار دیا، جبکہ کچھ نے مزاحیہ انداز اپنایا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’کبھی کبھی خاموشی بھی فائیو اسٹار ریویو ہوتی ہے‘، جبکہ ایک اور صارف نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے ’مسٹری مین‘ کا نام ہرش مہتا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ ملائیکہ اروڑا اور ارجن کپور کے درمیان تعلقات کی خبریں 2018 میں منظرِ عام پر آئی تھیں۔ بعد ازاں دونوں نے متعدد عوامی تقریبات اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنے رشتے کی تصدیق بھی کی، تاہم 2024 میں دونوں نے اپنی راہیں الگ کر لیں۔ اب تازہ وائرل ویڈیو کے بعد ایک بار پھر ملائیکہ کی ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم اداکارہ یا ان کی ٹیم کی جانب سے ان خبروں پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔