سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ میں شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق کیے گئے انکشافات نے گزشتہ چند روز سے شوبز انڈسٹری میں خاصی ہلچل مچا رکھی تھی۔ اب اس تنازع میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مبینہ طور پر اس تمام تر واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے اور مذاق اڑانے والے اداکار کا نام کا بھی سب کو علم ہوگیا ہے۔
چند روز قبل سید محمد احمد نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ایک نسبتاً کم عمر اداکار نے دو مختلف ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران ان کے گنجے پن، قد اور رنگت کو نشانہ بناتے ہوئے بار بار طنزیہ جملے کہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اس رویے پر ردعمل دے سکتے تھے، لیکن پروڈیوسرز، ہدایت کار اور پوری ٹیم کے احترام میں انہوں نے خاموش رہنے کو ترجیح دی تاکہ شوٹنگ کا ماحول متاثر نہ ہو۔
یہ خبر پڑھیے: سینئر اداکار محمد احمد سے بدتمیزی کا معاملہ، فیصل قریشی سمیت شوبز شخصیات کا شدید ردِعمل
محمد احمد کے انکشاف کے بعد شوبز شخصیات نے کھل کر ان کی حمایت کی۔ اداکار شمعون عباسی سمیت کئی فنکاروں نے ذمے دار اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض نے عندیہ دیا تھا کہ اگر معافی نہ مانگی گئی تو اس کا نام بھی سامنے لایا جائے گا۔
بعد ازاں ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ محمد احمد کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والے اداکار فہد شیخ ہیں، جنہوں نے 2020 سے 2022 کے دوران سینئر اداکار کے ساتھ مختلف ڈراموں میں کام کیا تھا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی اور فہد شیخ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے بھی ایک ویڈیو کے ذریعے فہد شیخ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ اور ان کے مذاق کے انداز کو بہت نچلے درجے کا ہیومر قرار دیا۔
تنقید بڑھنے پر فہد شیخ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو دراصل شوٹنگ کے دوران ہونے والے ایک مذاق کا حصہ تھی، کیونکہ سیٹ پر فنکار عموماً ایک خاندان کی طرح ماحول میں کام کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ان کے کسی عمل سے سید محمد احمد کو دکھ پہنچا تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔

فہد شیخ نے بتایا کہ وہ سید محمد احمد سے ذاتی طور پر معافی مانگ چکے ہیں اور اگر سینئر اداکار مناسب سمجھیں تو وہ عوامی سطح پر بھی دوبارہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کبھی بھی دل آزاری کی نیت نہیں تھی۔

دوسری جانب سید محمد احمد کی جانب سے فہد شیخ کی معذرت پر تاحال کوئی نیا عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم شوبز حلقوں میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ تنازع باہمی احترام اور مصالحت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔