چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا دینے والا کرکٹر غیر معینہ مدت کیلیے معطل

معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور لیگ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں، انتظامیہ سالٹ برن کلب


اسپورٹس ڈیسک July 30, 2026

انگلینڈ کے سالٹ برن کرکٹ کلب نے مبینہ دھوکہ دہی کے اسکینڈل میں ملوث اپنے کھلاڑی برائن ڈیوائن کو آئندہ نوٹس تک معطل کردیا ہے۔

کلب نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک وہ نہ صرف اس سیزن بلکہ مستقبل قریب میں بھی ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔

یہ معاملہ نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کی جانب سے اس وقت زیرِ تفتیش آیا جب سیکنڈ الیون ڈویژن ٹو کے ایک میچ میں سالٹ برن نے نارٹن کو 159 رنز سے شکست دی۔

میچ کے بعد نارٹن کلب نے ایک شکایت درج کرائی جس میں الزام لگایا گیا کہ برائن ڈیوائن نے نارٹن کے بلے باز نعمان شبیر کے شاٹ کے دوران گیند کے بلے کے قریب سے گزرنے پر چٹکی بجائی جس سے ایسا تاثر پیدا ہوا کہ گیند بلے سے لگی ہے۔

اس کے بعد وکٹ کیپر جوش بوز نے کیچ پکڑا اور اپیل پر امپائر نے بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

سالٹ برن کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے اور لیگ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

کرکٹ کی تاریخ میں امپائرز کو گمراہ کرنے کے مختلف طریقوں کے الزامات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں جن میں گیند سے چھیڑ چھاڑ اور مصنوعی آوازیں پیدا کرنے جیسے واقعات شامل ہیں۔