لاہور؛ امریکن نیشنل خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل، ماں ہی قاتل نکلی

خاتون ڈپریشن کا شکار تھی، علاج بھی چلتا رہا، خودکشی کے آن لائن طریقے ڈھونڈتی تھی، تفتیش


ویب ڈیسک July 31, 2026

لاہور:

امریکن نیشنل خاتون اور تین بچوں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، جس میں مرنے والی خاتون ہی اپنے بچوں کے قتل کی مرکزی ملزمہ نکلی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ کاہنہ کے علاقے میں نجی سوسائٹی میں امریکن نیشنل خاتون اور اس کے 3 بچوں کے قتل کا کیس اپنے انجام کو پہنچ گیا، جس میں مقتول بچوں کی سفاک ماں ہی مرکزی ملزمہ نکلی۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کے قتل میں ملوث مزید 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں، جن میں کیمیکل شاپ کا مالک اور رائیڈر شامل ہیں۔ کیمیکل شاپ کا مالک آن لائن کیمیکل فروخت کرتا ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق امریکن نیشنل خاتون ذہنی مریضہ تھی اور مرنے کے آن لائن طریقے سرچ کرتی رہتی تھی۔ خاتون کا ایک ملزم سے آن لائن رابطہ ہوا، جس نے کیمیکل دینے کے لیے 1لاکھ 38ہزار 5سو 40 روپے بذریعہ منی گرام وصول کیے۔

خاتون اپنے خاوند اور بچوں کے ہمراہ امریکا سے لاہور پہنچی اور ویلنشیا ٹاؤن میں کرایے کے گھر میں رہائش پذیر تھی۔ امریکن نیشنل خاتون نے اپنی دوست کے گھر کیمیکل والا پارسل ڈلیور کروایا۔ 16جولائی کو امریکن نیشنل خاتون نے نجی پیزا شاپ پر اپنی دوست کے ساتھ کھانا کھایا اور کیمیکل والا پارسل وصول کیا۔

17جولائی کو خاتون نے آئس کریم میں پوٹاشیم سائنائڈ ملا کر اپنے بچوں 15سالہ ریحان، 11سالہ اریشا اور9سالہ ارسل کو کھلا دیا۔ خاتون نے بچوں کو زہر ملی آئس کریم کھلانے کے بعد خود بھی آئس کریم کھا لی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق خاتون کے شوہر ناصر کا پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا اور اس کی مکمل تفتیش کی گئی ہے۔ تمام حالات وواقعات اور فرانزک رپورٹ سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ ملزمہ نے بچوں کو زہر دے کرخود کشی کی ہے، جب کہ خاتون نے اپنے شوہر کو بھی کیمیکل والی آئس کریم کھلانے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون علینہ نومبر سے خودکشی کرنے کے طریقے سرچ کررہی تھی ۔ اس کے موبائل سے خودکشی سے متعلق آرٹیکل بھی ملے ہیں ۔ خاتون کی سہیلی کو بالکل معلوم نہیں تھا کہ پارسل میں کیا ہے ۔ علینہ شوہر اور بچوں سمیت پورا خاندان ختم کرنا چاہتی تھی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق اس واقعے کا صرف ایک پہلو سامنے آیا ہے کہ علینہ ڈپریشن کا شکار تھی ۔ اس کا علاج معالجہ بھی چلتا رہا ۔ خاتون ڈپریشن کی ادویات بھی لیتی رہی تھی۔ خاتون پوٹاشیئم سایانائیڈ کی ڈیلیوری امریکا میں کروانا چاہتی تھی ۔ وقوعہ سے اگلے روز فیملی نے سیالکوٹ جانا تھا ۔

کیس کی مکمل تفتیش لاہور پولیس نے کی ہے ۔ ایف بی آئی کی ٹیم نے علینہ کے خاندان سے بھی ملاقات کی ۔ امریکن نیشنل خاندان ہونے کی وجہ سے ایف بی آئی کے کنسرن تھے ۔

انہوں نے کہا کہ کیس کے ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور سی سی ٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے گرفتار ملزمان کا مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائے گی۔ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

اٹارنی جنرل کے گھر پر چھاپے کا معاملہ

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے مزید بتایا کہ اٹارنی جنرل کے گھر پر غلط ریڈ پر مقدمے میں مزید دفعات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس ملازمین نے بغیر شناخت کے ریڈ کیا ۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔ مقدمے میں غفلت و کوتاہی کے مطابق دفعات کا اضافہ کیا جائے گا۔ املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات لگائی جائیں گی ۔ ایس ایچ او سمیت اہلکاروں کی ضمانت منسوخ کروائی جائے گی ۔

عبداللہ طاہر قتل کیس

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ عبداللہ طاہر قتل کیس کی تفتیش جاری ہے ۔ کیس کی تفتیش میں واضح نہیں ہوا کہ اجرتی قاتل ہی استعمال ہوئے ۔ مقتول کی دو سے تین دیرینہ دشمنیاں ہیں ۔ شوٹرز کے زیر استعمال گاڑی ٹریک کی گئی ہے اور کچھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔