کراچی:
خلیجِ بنگال میں بننے والا ہوا کا شدید کم دباؤ (ڈیپ اپریشن) کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے جس کے زیرِ اثر کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم جنوبی مدھیہ پردیش (بھارت) پر موجود ہے، اس موسی نظام کے باعث، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے مزید شدت اختیار کرنے اور ملک کے بالائی و وسطی علاقوں کے بیشتر حصوں کو متاثر کرنے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق ان موسی نظاموں کے زیر اثر کل (ہفتے کی دوپہر شام) سے 3 اگست تک وقفے وقفے سے کراچی میں آندھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
آج ( شام رات) سے 3 اگست تک تھر پارکر، عمرکوٹ، میر پور خاص، بدین، سانگھڑ، خیر پور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، حیدر آباد، مٹیاری اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد اور حیدر آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
کراچی کا مطلع آج جزوی ابر آلود ہے اور آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں جبکہ حبس کی فضاء بھی برقرار ہے۔ آج شہر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29.0 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے وقت درجہ حرارت 30 اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا۔
کراچی میں اس وقت مغرب اور جنوب مغرب سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات بروقت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔