لوئر دیر:
دریائے پنجکوڑہ میں ڈوبنے کے دو افسوسناک واقعات پیش آئے، جہاں ایک 15 سالہ لڑکی دریا میں ڈوب گئی جبکہ اسے بچانے کی کوشش کرنے والا سوزوکی ڈرائیور بھی پانی کی نذر ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ رات 15 سالہ لڑکی دریائے پنجکوڑہ میں ڈوب گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچی کو بچانے کی کوشش میں ایک خاتون بھی پانی میں بہہ گئی، تاہم ایک سوزوکی ڈرائیور نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق خاتون کو بچانے کے بعد ڈرائیور نے بچی کو بھی بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ خود دریا کی تیز لہروں میں بہہ کر ڈوب گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 دیر لوئر اور دیر بالا کی واٹر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ دونوں لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اتوار کی صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔