کھڑکیوں کی صفائی بظاہر ایک آسان کام لگتا ہے، لیکن اسے مہارت کے اعلیٰ درجے تک پہنچانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 71 سالہ ٹیری بروز آج بھی دنیا کے بہترین پروفیشنل ونڈو کلینرز میں شمار ہوتے ہیں۔
برطانوی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیری بروز نے کہا کہ جو کام وہ کرتے ہیں، وہ ان کی نصف عمر کے لوگ بھی نہیں کر سکتے۔ یہ صرف کرنے کا کام نہیں، بلکہ اس کے لیے باقاعدہ تربیت درکار ہوتی ہے۔
ٹیری بروز (جو آج بھی ورلڈ ونڈو کلیننگ ورلڈ کپ میں حصہ لیتے ہیں) کو ونڈو کلیننگ کی دنیا کا ’یوسین بولٹ‘ کہا جاتا ہے۔
انہوں نے 2009 میں صرف 9.14 سیکنڈ میں 45×45 انچ سائز کی تین کھڑکیاں مکمل طور پر صاف کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، جو آج تک برقرار ہے۔
مقابلے کے قوانین کے مطابق تمام شرکا کو ایک جیسا سامان فراہم کیا جاتا ہے، جس میں 12 انچ کا اسکویجی، 14 انچ کا ٹی بار، ایپلیکیٹر کور، پانی کی بالٹی، ونڈو کلیننگ ڈٹرجنٹ اور ایک اسکرم شامل ہوتے ہیں۔ مقابلہ کرنے والوں کو انہی آلات کی مدد سے تین کھڑکیوں کو کم سے کم وقت میں مکمل طور پر صاف کرنا ہوتا ہے۔
تین ججز کی نگرانی میں شرکا مخصوص ’ایس‘ شکل میں اسکویجی چلاتے ہیں اور آخر میں اسکرم سے شیشے پر موجود دھبے یا لکیریں صاف کرتے ہیں۔ صفائی مکمل ہونے پر وہ ’اسٹاپ‘ کی آواز لگاتے ہیں، جس کے ساتھ ہی وقت روک دیا جاتا ہے۔
ٹیری بروز کا ریکارڈ 17 سال گزرنے کے باوجود کوئی بھی ونڈو کلینر توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔