یونان، جنگلاتی آگ بجھانے میں مصروف دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے، 2 افراد ہلاک

حادثہ دارالحکومت ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں پیش آیا


ویب ڈیسک August 03, 2026

ATHENS:

یونان میں جنگلات کی خوفناک آگ پر قابو پانے کی کوشش اس وقت المیے میں بدل گئی جب فضائی آپریشن میں حصہ لینے والے دو فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر دوران پرواز آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ دارالحکومت ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں پیش آیا جہاں متعدد ہیلی کاپٹر آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے تھے۔

ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران دوسرے ہیلی کاپٹر کے نچلے حصے سے ٹکرا گیا جس کے فوراً بعد وہ شعلوں کی لپیٹ میں آ کر زمین پر آ گرا۔

رپورٹس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والا ایک پائلٹ اور یونان کی فائر سروس کا ایک افسر شامل ہیں جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر میں سوار عملہ محفوظ رہا اور انہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔

فائر سروس کے شعبۂ مواصلات کے سربراہ نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تاہم طبی عملہ انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور دونوں کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

حادثے کے بعد حکام نے احتیاطی اقدام کے طور پر آگ بجھانے والے تمام ہیلی کاپٹروں کی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سینکڑوں فائر فائٹرز بدستور ایتھنز کے مغربی علاقوں میں بھڑکتی آگ کو رہائشی آبادیوں تک پہنچنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

یونانی وزیراعظم نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میں ایک یونانی فائر سروس اہلکار اور ایک ڈنمارک کا پائلٹ شامل ہے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد رواں ہفتے یونان میں جنگلات کی آگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔

اس سے قبل کریٹ اور پیلوپونیز کے علاقوں میں آگ بجھانے کی کارروائیوں کے دوران تین فائر فائٹرز اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔