کراچی:
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جناح اسپتال میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے جدید اوپیائیڈ ایگونِسٹ مینٹیننس تھراپی (OAMT) سینٹر کا افتتاح کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و آبادی بہبود کا کہنا تھا کہ یہ سینٹر منشیات کے عادی افراد کو بتدریج نشے سے نجات دلانے اور انہیں دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لانے میں مدد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹر میں علاج کے ساتھ طبی نگرانی، کونسلنگ اور بحالی کی مکمل سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سینٹر میں ماہر ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ طبی عملہ موجود ہوگا جو مریضوں کی مسلسل نگرانی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ایچ آئی وی اسکریننگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کیسز سامنے لائے جا سکیں اور بروقت علاج ممکن ہو۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ ایک انسان کی موت بھی انتہائی افسوسناک ہے اور اگر جناح اسپتال میں کسی مریض کی جان غفلت کے باعث گئی ہے تو اس واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کے بعد ہی ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی مریض کی موت کو معمولی سمجھنا انتہائی غلط ہے اور ایسے بیان کی شدید مذمت کرتی ہوں۔