غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری مزید شہادتیں

فلسطینی صدر محمود عباس نے مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین مذاکرات کی فوری بحالی پر زور دیا ہے ۔


Editorial August 24, 2014
فلسطینی صدر محمود عباس نے مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین مذاکرات کی فوری بحالی پر زور دیا ہے ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

اسرائیلی فوج نے غزہ میں بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تین بچوں سمیت مزید دس فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ ذرایع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کو غزہ میں ساٹھ مقامات کو نشانہ بنایا جب کہ حماس نے صیہونی علاقے میں 71راکٹ فائر کیے۔ یہ خبر اس بنا پر نامکمل رہے گی کیونکہ حماس کے راکٹوں سے ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ جب کہ اسرائیلی بمباری میں خان یونس میں تین مساجد بھی شہید ہو گئیں، غزہ میں بارہ منزلہ عمارت بھی تباہ ہو گئی جس میں دس بچوں سمیت درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔ اب تک 21سو سے زاید فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین مذاکرات کی فوری بحالی پر زور دیا ہے تا کہ غزہ بحران کا خاتمہ ہو سکے۔ حماس کے جلا وطن لیڈر خالد مشعل نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی سر زمین سے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے لیے ایک نظام الاوقات طے کرے۔ لیکن یہ اپیل بھی سابقہ بے شمار اپیلوں کی طرح بے اثر ہی رہے گی۔ مصر میں ہونے والے مذاکرات میں شریک حماس کے ایک سینئر رہنما نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی تنظیم عالمی فوجداری عدالت ( آئی سی سی) میں فلسطین کی طرف سے دائر کی جانے والی کسی بھی درخواست کی حمایت کرے گی۔

موسیٰ ابو مرزوق کے مطابق حماس نے اس سلسلے میں صدر محمود عباس کی طرف سے دیے جانے والے پیپر پر دستخط کر دیے ہیں۔ ادھر مصر نے حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینی عوام کے لیے ترکی نے بجلی گھر فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ترک وزیر توانائی تانیر یلدز نے کہا کہ یہ خصوصی بجلی گھر عراقی شہر بصرہ سے روانہ ہو کر غزہ کے ساحل پر پہنچے گا تا کہ محصور شہر کو توانائی فراہم کی جا سکے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف لندن میں مظاہرہ کیا گیا۔ مغربی ملکوں میں احتجاجی مظاہروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عام عیسائی یا یہودی صیہونیوں کے فلسطینیوں کے قتل عام کی حمایت نہیں کرتے لیکن ان کی حکومتیں بھی امریکا کے سامنے بے بس ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |