لاہور:
پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل میں ملوث ملزم کگی بٹ کا مبینہ وائس نوٹ سامنے آگیا۔
کگی بٹ کا وائس نوٹ میں کہنا تھا کہ اس کے ابھی کئی دشمن باقی ہیں جنہیں وہ مارنا چاہتا ہے۔ وائس نوٹ میں اس نے یہ بھی کہا کہ وہ اداروں کا احترام کرتا ہے اور انہیں ملک کا سرمایہ سمجھتا ہے، اپنے آپ کو ختم کرلوں گا لیکن دشمنوں کو نہیں چھوڑوں گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت کی ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی کا بھی انکشاف ہوا۔ ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل مقتول کے گھر کے اطراف میں ڈرون پروازوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے واردات کے لیے کرائے کی گاڑی استعمال کی، جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی، جبکہ واردات کے بعد گاڑی پر دوبارہ اصل نمبر پلیٹ نصب کر دی گئی۔
تفتیشی حکام کے مطابق استعمال ہونے والی گاڑی گوجرانوالہ سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی، اور مرکزی مبینہ شوٹر ارسلان جٹ دیگر ملزمان کو اپنی گاڑی میں گوجرانوالہ سے لاہور لایا تھا۔
پولیس نے مقدمے میں مبینہ سہولت کاری کے الزام میں 6 افراد کو حراست میں لے رکھا ہے، تاہم مرکزی مبینہ شوٹرز تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔