اسلام آباد:
وزیراعظم محمد شہباز شریف 6 تا 8 اگست سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اساہم دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کرنا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، تعاون اور برادرانہ تعلقات کی مضبوط روایت کا عکاس ہے، جسے دونوں ممالک مسلسل آگے بڑھا رہے ہیں۔
یہ دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ماحول میں ہو رہا ہے، تاہم اس کی اہمیت صرف موجودہ حالات یا قلیل مدتی معاملات تک محدود نہیں۔ توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے، اسٹریٹجک تعاون کو وسعت ملے گی، علاقائی و عالمی امور پر باہمی رابطہ کاری میں اضافہ ہوگا اور کثیرالجہتی تعاون کو بھی مزید تقویت حاصل ہوگی۔