جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی، مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف جمعے کو ملک بھر میں 510 مقامات پر پرامن دھرنے دے گی اور اس دوران اہم شاہراہوں پر ٹریفک روکی جائے گی تاہم ایمبولینسوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔
لاہور میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام وحدت روڈ پر مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف منعقدہ مظاہرے سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر احتجاج میں رکاوٹ ڈالی گئی تو جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کرے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا براہ راست اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑتا ہے اور مہنگائی سے عام شہری، بالخصوص خواتین، شدید متاثر ہو رہی ہیں، حکومت نے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا ہے جبکہ اپنے اخراجات میں کمی نہیں کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متناسب کمی نہیں کی، پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی رقم توانائی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خرچ نہیں کی گئی۔
جماعت اسلامی کے اعلان کے مطابق جمعہ 7 اگست کو شام 4 بجے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے اور مظاہرے ہوں گے، لاہور میں قرطبہ چوک، کراچی میں شارع فیصل، اسلام آباد میں فیض آباد (26 نمبر چونگی)، پشاور میں موٹروے ٹول پلازہ، ملتان میں چونگی نمبر 6 بسن روڈ، کوئٹہ میں میزان چوک (غذری روڈ)، راولپنڈی میں بارات باغ مری روڈ، سوات میں چکدرہ انٹرچینج اور کرک میں انڈس ہائی وے پر دھرنے دیے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 510 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا اور احتجاج پرامن ہوگا۔