بولان؛ نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں پولیس اہلکار شہید

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا


سردار حمید خان August 07, 2026

کوئٹہ:

بولان کے علاقے دوسہ کراس چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بلوچستان پولیس کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بالاناڑی نیشنل ہائی وے پر واقع دوسہ کراس چوکی پر رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دورانِ ڈیوٹی اپنے فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار حافظ عبدالرشید ابڑو جامِ شہادت نوش کرگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ شہید اہلکار کی میت ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کر دی گئی۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔