سندھ میں سرکاری اسکولوں کے نئے اوقات جاری، فوری نفاذ کا حکم

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سرکاری اسکولوں کے اوقات سے متعلق نیا سرکلر جاری کر دیا


ویب ڈیسک August 07, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سرکاری اسکولوں کے اوقات سے متعلق نیا سرکلر جاری کر دیا ہے۔

جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق  نئے اوقات کا اطلاق 6 اگست 2026 سے فوری طور پر ہوگا۔ سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکول نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ یہ اوقات آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہیں گے۔

سرکلر کے مطابق صوبے بھر کے سنگل اور ڈبل شفٹ اسکولوں کے اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں۔ پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے لیے الگ الگ اوقات نافذ کیے گئے ہیں تاکہ تدریسی سرگرمیاں نئے شیڈول کے مطابق جاری رہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق 6 اگست سے 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے۔

یکم نومبر سے 31 مارچ تک یہی اسکول صبح 8 بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک چلیں گے۔

سرکلر میں ڈبل شفٹ پرائمری اسکولوں کی پہلی اور دوسری شفٹ کے اوقات بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ 6 اگست سے 31 اکتوبر تک صبح 7 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک ہوگی، جبکہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 45 منٹ تک جاری رہے گی۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری سنگل شفٹ اسکولوں کے لیے بھی نئے اوقات نافذ کر دیے ہیں اور تمام متعلقہ افسران اور اسکول سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے شیڈول پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔