میر رضا علی کیس، قبر کشائی کل ہوگی، پرانا میڈیکل بورڈ بحال

ڈاکٹر سمیعہ سید میڈیکل بورڈ کی کنونیئر ہوں گی، 8 رکنی میڈیکل بورڈ میں تمام پرانے اراکین شامل


فاران خان August 07, 2026

نوجوان تاجر میر رضا کی لاش ملنے اور موت کا تعین کرنے کیلیے سندھ حکومت کے محکمہ صحت نے پرانے میڈیکل بورڈ دوبارہ بحال کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا جبکہ قبر کشائی کل 11 بجے ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ سندھ نے ڈاکٹر سمعیہ سید کی سربراہی میں پرانا 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق بورڈ میں ڈاؤ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نسیم پتھالوجسٹ کے طور پر فرائض انجام دیں گے جبکہ ڈاکٹر فرخ بورڈ میں بطور فرانزک ایکسپرٹ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سی پی ایل سی آفیسر عامر بطور فرانزک آئیڈنٹیفکیشن ایکسپرٹ، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر سری چند اور ڈاکٹر دانیال بھی میڈیکل بورڈ میں شامل ہیں۔

حکم نامے کے مطابق کراچی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید بورڈ کی کنونیئر ہوں گی۔

میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے بعد میر رضا کی قبر کشائی کل صبح 11 بجے ہوگی، اس حوالے سے پولیس اور دیگر حکام کو تیاری کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب میڈیکل بورڈ کو تبدیل کرتے ہوئے اسے پانچ رکنی کردیا گیا تھا جبکہ سربراہ کے علاوہ باقی ممبران کو تبدیل کیا گیا تھا۔ تاہم اہل خانہ نے میڈیکل بورڈ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قبر کشائی رکوا دی تھی۔