یو ایس اوپن جوکووک اور اینڈی مرے آج میدان سنبھالیں گے

سرینا ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنانے کیلیے پرعزم، کیریئر کی 18ویں گرینڈ سلم ٹرافی نیوراٹلووا اور ایورٹ کا ہمسر بنادے گی


AFP/Sports Desk August 25, 2014
سرینا ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنانے کیلیے پرعزم، کیریئر کی 18ویں گرینڈ سلم ٹرافی نیوراٹلووا اور ایورٹ کا ہمسر بنادے گی۔ فوٹو: فائل

سیزن کا چوتھا اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ پیر سے فلیشنگ میڈوز میں شروع ہونے جارہا ہے، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔

کامیابی انھیں کیریئر کے 18ویں گرینڈ سلم ٹرافیوںمیں سابق پلیئرز مارٹینا نیوراٹلووا اور کرس ایورٹ کا ہمسر بھی بناسکتی ہے، مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کی انجری کے سبب دستبرداری نے نووک جوکووک، راجرفیڈرر اور اینڈی مرے کو فیورٹ بنادیا ہے۔ پیر کو ایونٹ کے ابتدائی دن مینز سنگلز میںٹاپ سیڈ نووک کی پہلی آزمائش ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارزٹزمین سے ہوگی، تھرڈ سیڈ اسٹینسلس واورنیکا دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کیلیے جمہوریہ چیک کے جیری ویسلے پر قابو پاناچاہیں گے، 5 سیڈ میلوس رائونک کو جاپانی حریف ٹارو ڈینئیل کا چیلنج درپیش ہوگا، 8 سیڈ اینڈی مرے کو ڈچ پلیئر روبن ہیس کیخلاف کامیابی اگلے مرحلے میں پہنچاسکے گی۔

فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا کا پہلا ٹاکرا جوآن مناکو سے ہوگا، ویمنز سنگلز میںسیکنڈ سیڈ سیمونا ہالیپ کا پہلا مقابلہ امریکی پلیئر ڈینیلی روز کولنز سے ہوگا، فورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کا سامنا کینیڈا کی شیرون فنچمین سے ہوگا، روسی ساحرہ ماریا شراپووا ہموطن ماریا کریلنکو کو مات دینے کیلیے میدان سنبھالیں گی، 10 سیڈ کیرولین ووزینسکی بھی سلواکین حریف میگڈیلینا ریبریکووا سے ٹکرائیں گی، جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کو پہلے مرحلے میں روس کی کسینیا پاروک سے مسابقت کا سامنا رہے گا، وینس ولیمز کی پہلی آزمائش تجربہ کار جاپانی پلیئر کیمیکو ڈیٹ کروم کیخلاف میچ میں ہوگی۔

ویمنز سنگلز میں دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز منگل کو میدان میں اتریں گی، اگرچہ رواں برس منعقدہ دیگر تین گرینڈ سلم آسٹریلین ، فرنچ اوپن اور ومبلڈن میں وہ چوتھے مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائی ہیں لیکن رواں برس انھوں نے پانچ ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز ضرورجیت لیے ہیں جس میں نیویارک آمد سے قبل سنسناٹی اور اسٹینفورڈ میں انھیں چیمپئن بننے کا موقع مل چکا ہے، وہ آل ٹائم گرینڈ سلم فاتحین میں 17 ٹرافیوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، تاہم مزیدایک اور ٹائٹل فتح انھیں دوسرے نمبر پر موجود دو سابق پلیئرز مارٹینا نیوراٹلووا اور کرس ایورٹ کا ہمسر بناسکتی ہیںِ، سابق جرمن اسٹار اسٹیفی گراف 22 گرینڈ سلم کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں