کوٹری میں مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کیلیے پولیس کا آپریشن 9 افراد گرفتار

غریب آباد کالونی کا 4 گھنٹوں تک محاصرہ، گھر گھر تلاشی، پولیس پر فائرنگ، اغوا کار مغوی سمیت فرار


Nama Nigar August 25, 2014
غریب آباد کالونی کا 4 گھنٹوں تک محاصرہ، گھر گھر تلاشی، پولیس پر فائرنگ، اغوا کار مغوی سمیت فرار۔ فوٹو: فائل

جامشورو پولیس کا مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کیلیے غریب آباد کالونی میں سرچ آپریشن، 4گھنٹوں تک علاقے کا محاصرہ کر کے خواتین سمیت 9افراد کو گرفتار کرلیا، تاہم مغوی بازیاب نہ کرایا جاسکا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جامشورو نثار شاہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے کچھ روز قبل اغوا کیے گئے امداد علی سومرو کی بازیابی کے لیے غریب آباد کالونی میں سرچ آپریشن کے لیے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور 4 گھنٹوں تک گھر گھر تلاشی لی گئی جس کے دوران نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ کی تو پولیس نے بھی جواب میں فائرنگ کی۔

آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی دو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس نے مسمات ثنا جتوئی، نفیسہ جتوئی، لیاقت جتوئی، محمد خان جتوئی، احمد علی عربانی، نیاز حسین کھوسو، غلام صدیق چانڈیو، ممتاز چانڈیو، ابراہیم چانڈیو کو گرفتار کرکے جامشورو تھانے منتقل کیا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس نے مبینہ طور پر لاٹھی چارج کر کے علاقہ مکینوں کو گھروں میں محصور کر دیا۔

ایس ایچ او جامشورو نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان ڈکیتی اور لوٹ مار کی مختلف وارداتوں سمیت ڈاکٹر امداد علی سومرو اغوا کیس میں بھی ملوث ہیں، تاہم پولیس کے آنے کی اطلاع پر نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جبکہ اغوا کار مغوی ڈاکٹر سمیت فرار ہوگئے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی حیدرآباد ثناء اللہ عباسی نے ڈاکٹر امداد علی سومرو کے اغوا پر ڈی ایس پی کوٹری علی رضا لغاری کو معطل کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں