میر رضا نے قتل سے قبل کن دو افراد سے فون پر بات کی تھی؟ تفصیلات مل گئیں

تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس آج ہوگا، آخری فون کال والے اور آخری پیغامات بھیجنے والے افراد سے تفتیش کی جائے گی، ذرائع


اسٹاف رپورٹر August 09, 2026

کراچی:

نوجوان تاجر میر رضا نے قتل ہونے سے قبل رات گئے دو افراد سے ٹیلی فونک گفتگو کی جن کی تفصیلات پولیس کو مل گئیں۔

میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی نئی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس  پیر کو ہوگا، اجلاس کی سربراہی ڈی آئی جی عامر فاروقی کریں گے۔ نئی تحقیقاتی ٹیم کیس کی جامع، غیرجانبدارانہ اور تمام پہلوؤں سے ازسرنو تحقیقات کرے گی۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کیس سے متعلق نئے اور اضافی شواہد کی نشاندہی، انہیں جمع اور محفوظ کرنے کے بعد ان کا تفصیلی جائزہ لے گی، جبکہ فزیکل، ٹیکنیکل، واقعاتی اور فرانزک شواہد کا بھی باریک بینی سے تجزیہ کیا جائے گا۔ ٹیم کو کیس حل کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ٹیم مقررہ مدت کے اندر متعلقہ عدالت میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں معاونت کے لیے ضرورت پڑنے پر کسی بھی افسر کو ٹیم میں شامل کیا جاسکے گا، جبکہ کیس میں پیشرفت سے متعلق یومیہ بنیاد پر رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ نئی تحقیقاتی ٹیم پہلے پوسٹ مارٹم کرنے والے میڈیکل بورڈ کے ارکان کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی۔ پہلے پوسٹ مارٹم میں شامل ڈاکٹرز اور ماہرین کا باقاعدہ انٹرویو کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ پوسٹ مارٹم کرنے والی ٹیم کو باقاعدہ سوالنامہ بھی دیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم یہ بھی جاننے کی کوشش کرے گی کہ پہلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی سینے سے داخل ہوکر پیٹھ سے خارج ہونے کی رائے کن شواہد اور بنیادوں پر قائم کی گئی تھی؟ پہلی رپورٹ میں فرانزک شواہد کو فائل کرنے اور محفوظ کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی کی سمت مختلف قرار دیے جانے کے معاملے پر بھی پہلے پوسٹ مارٹم کی رائے کی بنیاد جاننے کی کوشش کی جائے گی۔ تحقیقاتی ٹیم دونوں پوسٹ مارٹم رپورٹس، زخموں، مقتول کے کپڑوں اور دیگر فرانزک شواہد کا تقابلی اور تفصیلی جائزہ لے گی۔

آخری رات میر رضا کی نقل و حرکت، آخری فون کالز اور پیغامات کی تفصیلات مل گئیں

دوسری جانب میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات میں 28 جولائی کی شب ان کی نقل و حرکت، آخری فون کالز اور پیغامات کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق میر رضا نے 28 جولائی کی شب تین ٹیلیفون کالز کے ذریعے دو افراد سے بات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا نے رات 2 بج کر 13 منٹ اور 2 بج کر 16 منٹ پر علی نامی شخص سے بات کی، جبکہ ان کی آخری فون کال دوست عبداللہ نے ریسیو کی۔ میر رضا اور عبداللہ کے درمیان تین منٹ سے زائد گفتگو ہوئی۔ تفتیش کے دوران میر رضا کے موبائل فون پر آنے والے آخری 8 پیغامات کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ پیغامات رات 4 بج کر 20 منٹ سے 4 بج کر 22 منٹ کے دوران موصول ہوئے تاہم میر رضا نے ان پیغامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔

تحقیقاتی ٹیم نے میر رضا سے آخری فون کال پر بات کرنے والے افراد اور آخری پیغامات بھیجنے والے افراد سے بھی تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان کی 28 جولائی کی مکمل نقل و حرکت اور رابطوں کا بھی دوبارہ ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔