اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مجوزہ اقدام زیر غور ہے اور کابینہ سے پالیسی کی جلد منظوری متوقع ہے جبکہ گنور گروپ نے آئل پرائس ڈی ریگولیشن کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پٹرولیم مارکیٹ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پارکو گنور لمیٹڈ اور گنور گروپ کے وفد نے وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے ملاقات کی، جس میں توانائی و پٹرولیم کے شعبے میں تعاون، اصلاحات اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں گنور گروپ کے ہیڈ آف پورٹ فولیو شاہب رچایال، کارپوریٹ افیئرز ڈائریکٹر تھامس پیٹراس اور کاشف میو شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا مجوزہ اقدام زیر غور ہے اور کابینہ سے پالیسی کی جلد منظوری متوقع ہے۔
گنور گروپ نے آئل پرائس ڈی ریگولیشن کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پٹرولیم مارکیٹ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ گروپ کے مطابق ڈی ریگولیشن سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا۔
احد چیمہ نے کہا کہ پٹرولیم شعبے کی کارکردگی اور مسابقت بڑھانے کے لیے ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے، جبکہ گنور گروپ نے پاکستان کی ریفائنریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔ گنور گروپ کے مطابق پارکو گنور لمیٹڈ پاکستان میں اپنے کاروباری نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور نے ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے پی ایس او کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، جبکہ شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اوگرا اور پٹرولیم شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
اس موقع پر گنور گروپ نے خلیجی بحران کے دوران پاکستان میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ احد چیمہ نے کہا کہ عالمی بحران کے باوجود اوگرا اور دیگر اداروں کے تعاون سے ایندھن کی فراہمی اور قیمتوں کا استحکام یقینی بنایا گیا۔ دونوں فریقین نے پٹرولیم شعبے میں اصلاحات، مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔