لاہور: پولیس حراست میں 2 خواتین کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیشرفت، پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

دونوں خواتین کا پوسٹ مارٹم ہلاکت کے دو دن بعد کیا گیا


ویب ڈیسک August 11, 2026

لاہور میں ٹاؤن شپ پولیس کی حراست میں دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے پر دونوں خواتین کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹس ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹس کے مطابق دونوں خواتین پر تشدد ثابت نہیں ہوا اور دورانِ پوسٹ مارٹم دونوں کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ملا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں لڑکیوں کے پھیپھڑوں پر سیاہ دھبے پائے گئے جبکہ انمول اور آمنہ کے دل کلاٹس سے بھرپور تھے، دونوں کے جگر، گردے اور معدے مکمل طور پر صحت مند پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین کا پوسٹ مارٹم ہلاکت کے دو دن بعد کیا گیا، پوسٹ مارٹم کرنے والے بورڈ کے تمام ارکان کی حتمی رائے پر نتائج مکمل کرلیے گئے ہیں۔ موت کی حتمی وجوہات کے تعین کے لیے خون اور جسمانی اعضاء کے نمونے ہسٹوپتھالوجی ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ساڑھے 17 سالہ آمنہ اور 22 سالہ انمول کو چار اگست کو چوری اور دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت درج ایک مقدمے میں گرفتار کر کے لاہور کے تھانہ ٹاؤن شپ لایا گیا تھا، جہاں پولیس کے مطابق ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی دونوں خواتین کی طبعیت خراب ہوئی، جس پر انھیں اسپتال لے جایا گیا جہاں اُن کی موت ہو گئی۔