دیر؛ شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے وائس چانسلر پر پیپلز پارٹی کی طلباء تنظیم کا حملہ

توڑ پھوڑ کرنے والے پیپلز پارٹی کے 12 سیاسی رہنماؤں اور طلباء کے خلاف مقدمات درج، پولیس


ویب ڈیسک August 13, 2026

پشاور:

دیر بالا میں شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے وائس چانسلر پر پیپلز پارٹی کی طلباء تنظیم نے حملہ کرتے ہوئے دفاتر میں شدید توڑ پھوڑ کی اور شیشے توڑ دیے۔

یونیورسٹی ملازمین نے وائس چانسلر کو بچا لیا جبکہ طلباء ایڈ منسٹریشن بلاک میں بھی داخل ہوئے اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) کے طلباء نے حلف برداری کے لیے اجازت مانگی تھی لیکن اجازت نہ ملنے پر طلبہ مشتعل ہوگئے۔

ترجمان یونیورسٹی روحیل اسلام کے مطابق وائس چانسلر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ حالات کنٹرول میں ہیں، ملوث طلباء کے خلاف تھانہ شرینگل میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دے دی۔

پولیس کے مطابق شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل میں توڑ پھوڑ کرنے والے پیپلز پارٹی کے 12 سیاسی رہنماؤں اور طلباء کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل میں پی ایس ایف کے 4 کارکنان زخمی بھی ہوگئے جبکہ ایک طالب علم کو تشویش ناک حالت میں سیدو شریف اسپتال سوات منتقل کر دیا گیا۔