کراچی:
حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان آج کراچی میں ہونے والے مذاکرات پھر ناکام ہوگئے، جس کے باعث ملک بھر میں ہڑتال چھٹے روز بھی جاری ہے۔
مذاکرات ناکام ہونے کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ آج کے پی ٹی میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شیپنگ اور سندھ حکومت کے نمائندوں سے ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ 6 دن سے پورے پاکستان میں ہماری ملک گیر ہڑتال جاری ہے، ہماری پر امن ہڑتال مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پر امن رہیں کہیں کسی جگہ روڈ بلاک نہ کریں۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے واضح کیا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کسی یقین دہانی میں نہیں آئیں گے، ہمارے پورے پاکستان کے ٹرانسپورٹرز ملک گیر ہڑتال پر ہیں، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوتے نوٹیفیکیشن نہیں ہوتا ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔
ادھر، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ کا بھی کہنا تھا کہ کراچی میں آج حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندگان کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ محمد جنید انور، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن، چیف سیکرٹری سندھ، کمشنر کراچی، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ اور چیئرمین پورٹ قاسم سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہماری ہڑتال آج چھٹے روز میں داخل ہو چکی ہے اور ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات کے حق میں پرامن طور پر احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں اور حکومت کے ساتھ سنجیدہ اور نتیجہ خیز بات چیت کے لیے تیار ہیں، تاہم صرف یقین دہانیوں پر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔
محمد اویس چودھری ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات جائز، قانونی اور ملکی معیشت کے مفاد میں ہیں۔ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم کرکے ان پر عملی اقدامات نہیں کیے جاتے، ملک گیر پہیہ جام ہڑتال جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں ہونے والے مذاکرات سے مثبت اور عملی پیش رفت کی امید ہے، تاہم ٹرانسپورٹرز اپنے مؤقف اور مطالبات پر مکمل طور پر قائم ہیں۔ ہمارے مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔