مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ربیع الاول 1448ہجری کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا 12 ربیع الاول 26 اگست کو ہوگی۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا اوریکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق 12 ربیع الاول 26 اگست 2026 بروزبدھ کو ہوگی۔
قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں وفاقی وزارت مذہبی امور کی چھت پر ربیع الاول کا چاند دیکھنے سے روک دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو وزارت مذہبی امور کی چھت پر ربیع الاول کا چاند دیکھنے کی اجازت نہیں ملی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے اسلام آباد میں موجود ہے تاہم کوہسار کمپلیکس کی چھت پر جانے سے روک دیا گیا، جس کے بعد رویت ہلال کمیٹی اور ماہرین فلکیات نے دوربین کوہسار کمپلیکس کی پارکنگ میں لگا دی۔
ربیع الاول کے چاند کے حوالے سے پہلے امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ مغرب کی طرف بادلوں کی موجودگی کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالخیر آزاد اور دیگر ارکان دوربین سے چاند دیکھنے کی کوشش کررہے تھے۔