پاکستان ناروے کا تجارت، تعلیم، دفاع، بحری امور، آئی ٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کی اسلام آباد آمد، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں


ویب ڈیسک August 13, 2026

پاکستان اور ناروے نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی اور بحری امور سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے ایک روزہ دورے پر سلام آباد پہنچے اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ امن کے فروغ کے لیے پاکستان اور ناروے پاک بھارت اور ایران امریکا کشیدگی کے دوران مسلسل رابطے میں رہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارتی صلاحیت میں اضافے کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک اہم امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور کثیر الجہتی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہیں۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ساختی نظام وضع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران پاکستان کی فعال ثالثی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس سے قبل نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان وزارت خارجہ میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نارویجن ہم منصب کا پاکستان آمد پر خلوص خیرمقدم کیا۔ اس سے قبل ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارث ایدے کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو پہنچے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ناروے کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و ناروے کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا موٴقف اجاگر کیا۔

فیلڈ مارشل نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

فریقین نے پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں روابط و تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے بعد ناروے کے وزیر خارجہ، جناب ایسپن بارتھ ایڈے (Espen Barth Eide) نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور ناروے کے درمیان گرم جوش اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ناروے کے دوطرفہ تعاون، بالخصوص تعلیم، ہنرمند افرادی قوت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت (کلائمیٹ ریزیلینس) اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو سراہا۔

ناروے کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے، وزیراعظم نے نارویجن کمپنیوں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بات چیت کے دوران، وزیراعظم نے فلسطین کی حمایت میں ناروے کے مضبوط اور اصولی موقف کو بھرپور انداز میں سراہا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت کرنے پر بھی ناروے کا شکریہ ادا کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور (Jonas Gahr Støre) کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کی تعریف کی اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ناروے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے خاص طور پر ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے ناروے کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔

اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ __