کراچی:
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے سرمایہ کاری اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے، رواں مالی سال 2027 میں معاشی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں یوم آزادی کی تقریب کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ ماضی کو یاد کرنے اور مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔ لاکھوں افراد کی قربانیوں نے ہمیں آزاد ملک کے ساتھ اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کی ذمہ داری بھی دی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ قائداعظم کی جانب سے اسٹیٹ بینک سے وابستہ توقعات آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ پاکستان کی معیشت نے گزشتہ ایک سال کے دوران استحکام کی جانب اہم پیشرفت کی ہے۔ مؤثر مالی و زری پالیسیوں اور بہتر بیرونی کھاتوں سے معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوئی ہیں۔
اپنے خطاب میں جمیل احمد نے بتایا کہ مالی سال 2026 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.1 فیصد رہی جبکہ معاشی نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اسٹیٹ بینک مہنگائی کو درمیانی مدت میں 5 سے 7 فیصد کے ہدف میں رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔