نائب وزیراعظم سے امریکی ناظم الامور اورچینی سفیر کی اہم ملاقاتیں

نتالی بیکر اور جیانگ زائی ڈونگ کی یوم آزادی پر مبارکباد، دونوں ممالک کے مشترکہ امور پر بات چیت


ویب ڈیسک August 14, 2026

اسلام آباد:

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور اور چینی سفیر نے الگ الگ ملاقات کی ہے۔

آج یومِ آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں اہم سفارتی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر اور چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ان اہم ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ حالیہ علاقائی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزارت خارجہ میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں  نائب وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں چینی کوہ پیما کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو یقین دلایا کہ جاں بحق کوہ پیما کی میت وطن واپس بھجوانے کے عمل میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ چینی سفیر نے حادثے کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے فوری مدد اور تعاون فراہم کرنے کو سراہا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت بھی گفتگو کا حصہ رہی۔

چینی سفیر نے پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات کا اعادہ بھی کیا۔

دوسری جانب امریکی ناظم الامور نتالی اے بیکر نے بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پائیدار امن کے حصول کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے سفارتی مؤقف کو واضح کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ 18 جون کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اس کی روح اور منشا کے مطابق عمل درآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ نتالی اے بیکر نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مبارکباد بھی پیش کی۔

چینی اور امریکی سفارتی نمائندوں کی ان الگ الگ ملاقاتوں میں علاقائی پیش رفت اور امن و استحکام کا موضوع نمایاں رہا، جبکہ پاکستان نے دونوں ممالک کے ساتھ سفارتی روابط اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔