بوکو حرام نے نائیجیریا کے شمالی علاقے میں اسلامی ریاست کے قیام کا اعلان کردیا

بوکو حرام کا علاقے پرقبضے کا دعویٰ بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی ہے جب کہ فوج علاقے میں ان کے خلاف کارروائی کررہی ہے،حکام

اسلام پسند جنگجو گروپ نے قصبے کے حکمران کے محل پر ’’امیرِ گووزا‘‘ کے نام کے پرچم لگا دیئے،مقامی افراد،فوٹو:فائل

نائیجیریا کے جنگجو گروپ بوکو حرام نے نے شمال مشرقی نائجیریا کے علاقوں میں اسلامی ریاست قائم کرنے کا دعوی کیا ہے۔



بوکو حرام کے رہنما ابوبکر شیکاؤ کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ اپنے ساتھیوں کو 'گووزا' نامی قصبے پر قبضہ کرنے پر مبارکباد دے رہے ہیں، گووزا کی آبادی 2 لاکھ 65 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور یہ بوکوحرام کے زیر تسلط آنے والا سب سے بڑا قصبہ ہےجب کہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بوکو حرام نے قصبے کے حکمران کے محل پر ''امیرِ گووزا''کے نام کے پرچم لگا دیئے ہیں۔


دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں بوکو حرام اور فوج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے جب کہ فوج نے بوکو حرام کے علاقے پر قبضے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔


واضح رہے کہ بوکو حرام نے اپنی پر تشدد کارروائیوں کا آغاز 2009 میں کیا تھا اور اب تک شمال مشرقی نائجیریا میں ہزاروں افراد ان کارروائیوں میں لقمہ اجل بن چکے ہیں،گووزا چیبوک نامی اس قصبے سے زیادہ دور نہیں جہاں اس سال اپریل میں بوکو حرام نے اسکول کی 200 سے زائد بچیوں کو اغوا کر لیا تھا۔

Load Next Story