FAISALABAD:
امریکا میں عمارت جب پرانی اور انسانوں کے رہنے کے قابل نہ رہے تو اسے گرا دیا جاتا ہے تاکہ نہ صرف اس کی جگہ نئی اور جدید عمارت کھڑی کردی جائے بلکہ کسی المیہ سے بھی بچا جاسکے لیکن عمارت گرانے کا نظارہ اتنا دلکش ہو جو لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرلے ایسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
نیو یارک کے کاروباری علاقے میں واقع 11 منزلہ ہوٹل کی عمارت کو گرادیا گیا جو 100 سال پرانی تھی اب اس کی جگہ 66 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک نیا اور جدید کنونشن سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔ ویلینگٹن اینکس کی عمارت کو گرانے سے قبل اس کی مختلف منزلوں سے سرخ، نیلے اور سفید رنگ کے دھوئیں کے بادل چھوڑے گئے جس سے عمارت گرانے کا یہ منظر دلکش اور خوبصورت ہوگیا اور اس کو دیکھنے کے لیے سیکڑوں لوگ جمع ہوگئے۔
عمارت کے اندر مختلف رنگوں کی آتش بازی بھی کی گئی جس نے دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا اور وہ داد دیئے بغیر نہ رہ سکے، کچھ دیر میں یہ عمارت ملبے اور مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی، رنگوں سے مزین اس انداز کو دیکھ کر یوں لگا جیسے پرانی عمارت نے خوشی خوشی جدید عمارت کی تعمیر کے لیے راستہ کھول دیا ہو۔
ویلنگٹن ہوٹل 1920 میں تعمیر کیا گیا تھا اور اس کو گرانے سے قبل قریبی گلیاں کئی گھنٹوں کے لیے بند کردی گئی تھیں تاکہ کسی بھی معمولی سے معمولی نقصان کا خدشہ نہ رہے ۔