ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی نے ہنڈی حوالہ اور بینکنگ فراڈ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کے دوران 75 لاکھ روپے برآمد کرکے سابق بینک افسر کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی سخت ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی کی نگرانی میں ایف آئی اے CBC کراچی نے مالیاتی جرائم اور غیر قانونی منی ٹرانسفر نیٹ ورکس کے خلاف 2 اہم کارروائیاں کیں۔
پہلی کارروائی میں ایف آئی اے CBC کراچی نے صدرکے علاقے میں ہنڈی/حوالہ نیٹ ورک کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے حسین اور تنویر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے بیرونِ ملک ہنڈی/حوالہ کے ذریعے رقوم کی منتقلی سے متعلق ڈیجیٹل شواہد برآمد ہوئے جبکہ 75 لاکھ روپے ہنڈی حوالہ کی رقم بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 54/2026 درج کر دی گئی ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور غیر قانونی مالیاتی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے جامع تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے CBC کراچی نے ایف آئی آر نمبر 361/2025 میں مطلوب مرکزی ملزم اور مبینہ ماسٹر مائنڈ سابق ریلیشن شپ منیجر فرحان حسین کو گلشنِ معمار، کراچی سے گرفتار کر لیا۔ مقدمہ ابتدائی طور پر تھانہ نسیم نگر، حیدرآباد میں درج ہوا تھا، جسے مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے CBC کراچی منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے نجی بینک میں بطور ریلیشن شپ منیجر خدمات انجام دیتے ہوئے مبینہ طور پر متعدد صارفین کی خفیہ بینکاری معلومات تک غیر قانونی رسائی حاصل کی۔ ملزم خصوصاً بیرونِ ملک مقیم NICOP صارفین کے ایسے اکاؤنٹس کو نشانہ بناتا تھا جن میں خطیر رقوم موجود تھیں اور جو طویل عرصے سے غیر فعال تھے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر صارفین کی خفیہ بینکاری معلومات اپنے ساتھیوں کو فراہم کرتا تھا، جو اصل اکاؤنٹ ہولڈرز کا روپ دھار کر صارفین کے اکاؤنٹس سے بھاری رقوم غیر قانونی طور پر منتقل کرتے تھے۔ ملزم طویل عرصے سے مفرور اور گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ایف آئی اے کی مسلسل کاوشوں اور ٹریسنگ کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ — ترجمان ایف آئی اے۔
ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں میں مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ غیر قانونی ہنڈی حوالہ اور منظم بینکنگ فراڈ میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ایف آئی اے مالیاتی جرائم، ہنڈی حوالہ، غیر قانونی منی ٹرانسفر اور بینکنگ فراڈ کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے اور قومی مالیاتی نظام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔