نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے سے جاری الرٹ کے مطابق 19 تا 22 اگست 2026 کے دوران خیبر پختونخوا کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مالاکنڈ، لوئر دیر، اپر دیر، شانگلہ، سوات، بٹگرام، آلائی، اپر و لوئر چترال، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس، مانسہرہ اور گلیات کے پہاڑی علاقوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور ملبے کے بہاؤ کے باعث حساس پہاڑی سڑکوں پر عارضی یا طویل دورانیے کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے، اس سلسلے میں این-45 بٹ خیلہ، چکدرہ، دیر، متکنی روڈ، این-45، ایس-4 اے اور ایس-16 دیر ویلیز، این-90، این-95 چکدرہ، مینگورہ، مدین، بحرین، کالام، آلائی، پوکل اور گنگوال روڈز خصوصی طور پر حساس قرار دیے گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ این-140 اور چترال، بونی، مستوج کوریڈور، این-45 دروش، لواری، چترال، گرم چشمہ روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس ہیں۔
اسی طرح قراقرم ہائی وے پر داسو، کومیلہ، سیو، پٹن، دوبیر، جیجل، پالس، کولائی تک رسائی کی سڑکیں اور این-15 بالاکوٹ، کاغان، ناران اور ایبٹ آباد، گلیات، تھنڈیانی روڈز پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے واقعات سے سڑکیں، پل، حفاظتی دیواریں اور دیگر بنیادی ڈھانچہ متاثر ہونے، ٹریفک میں خلل اور دور دراز علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوسکتا ہے، اچانک پہاڑی تودے گرنے اور ملبے کے بہاؤ سے مسافروں، ڈرائیوروں، مقامی آبادی اور پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب قائم آبادیوں کو براہ راست خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ حساس پہاڑی ڈھلوانوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں اور کسی بھی ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں فوری کارروائی کے لیے ہنگامی ٹیمیں تیار رکھیں۔
این ڈی ایم اے نے حساس پہاڑی سڑکوں پر ممکنہ رکاوٹوں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری، ریسکیو وسائل اور متبادل انتظامات قبل ازوقت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
عوام اور مسافر سے درخواست کی گئی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار پہاڑی علاقوں اور سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہی حاصل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر سے مکمل گریز کریں۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے یا ملبے کے بہاؤ کی صورت میں متاثرہ مقام سے محفوظ فاصلہ اختیار کریں اور انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔