آزاد کشمیر کے غیور و باشعورعوام کا پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار،بھارت کو منہ توڑ جواب

غیور کشمیری عوام کی پاکستان سے لازوال محبت اور غیر متزلزل عزم کے سامنے ہر سازش بے سود ہے


ویب ڈیسک August 19, 2026

آزادجموں وکشمیر کےغیور اورباشعورعوام نے پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

آزاد کشمیر کے محب وطن شہری شرپسند عناصر کی سازشوں کو مسترد کرکے پاکستان سے وابستگی کا بھرپور اظہار کررہے ہیں۔ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے چپے چپےمیں شہری پاکستان کی محبت میں سڑکوں پرنکلے۔

کشمیریوں نے یوم آزادی کے موقع پر شہر،شہرگلی، گلی ریلیاں نکال کر پاکستان سے اپنی مضبوط وابستگی کااظہارکیا۔ ریلیوں میں شریک کشمیریوں نے ’ ہم پاکستانی ہیں،پاکستان ہمارا ہے‘ اور ’پاک فوج زندہ باد ‘ کے فلک شگاف نعرے   بھی لگائے۔

آزادکشمیر کے محب وطن شہریوں کا اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اورہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ کشمیری شہری نے کہا کہ ہم ہر حالت میں پاکستان کے ساتھ  کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے ۔

سابق وزیر آزادجموں و کشمیر مظہر سعید شاہ نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئےکہا ہے کہ بھارت گمراہ کن ویڈیوز کے ذریعے خوشیاں نہ منائے اور سازشیں  کرنا بند کرے۔ جس طرح آپریشن بنیان المرصوص میں  بھارتی غرور خاک میں ملایا تھا ایسےہی  ان کی یہ خوشیاں بھی خاک میں ملائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ ایک دن کا نہیں،یہ نسل در نسل  محبت کا رشتہ ہے۔

غیور کشمیری عوام کی پاکستان سے لازوال محبت اور غیر متزلزل عزم کے سامنے ہر سازش بے سود ہے۔