کراچی:
قائد آباد لانڈھی اسپتال چورنگی شادی ہال کے قریب نالے سے بوری میں بند 7 سے 8 سالہ بچی کی برہنہ حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ایک بچی کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج ہے، لاپتا بچی کے اہلخانہ کو طلب کیا گیا ہے تاکہ بچی کی شناخت ممکن ہو سکے تاہم بچی کا چہرہ خراب ہونے کی وجہ سے لاش ناقابل شناخت ہے، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک خاندان جن کی بچی 13اگست کو قائد آباد کے علاقے سے لاپتا ہوئی تھی انھیں بھی جناح اسپتال طلب کیا گیا لیکن لاپتا بچی کے اہل خانہ آج ملنے والی لاش کی شناخت نہیں کر سکے۔
اہل خانہ کے مطابق ہماری بچی کا نام عائشہ گلالئی ہے، 13 اگست کو لاپتا ہونے کے بعد بچی کو بہت تلاش کیا اور قائد آباد تھانے میں گمشدگی کا اندراج بھی کروا چکے ہیں لیکن آج ملنے والی لاش عائشہ گلالئی کی ہے یا نہیں اس کی تصدیق نہیں کر سکتے۔
لاپتا بچی کے ورثا نے جناح اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملنے والی لاش کا چہرہ ناقابل شناخت ہے، کوئی ایسی نشانی نہیں جس سے شناخت کر سکیں۔
پولیس کے مطابق ملنے والی لاش کی شناخت کے لیے ڈی این اے کروایا جائے گا، ڈی این اے کے ذریعے واضح ہو سکے گا کہ لاش کس کی ہے۔