کراچی:
ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما زاہد ملک نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پیپلزپارٹی کو مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
زاہد ملک نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے سامنے ایم کیو ایم کے قائدین کا سامنا کرے اور جواب دے کہ وہ پنجاب میں نئے صوبوں کی حمایت جبکہ سندھ میں اس کی مخالفت کیوں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر گریٹ ڈیبیٹ کروائیں، ایم کیو ایم عوام کے سامنے پیپلزپارٹی کو جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے مخالف دراصل نہیں چاہتے کہ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو، بلکہ وہ عوام کے اربوں روپے لانچوں کے ذریعے منتقل کرنے کا دھندا جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
زاہد ملک نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی سندھ اور کراچی میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ پیپلزپارٹی اپنی پارلیمانی قوت کو عوام کی بہتری کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔