لڑکی کی قابلِ اعتراض تصاویر بناکر ہراساں کرنے کا الزام؛ جعلی روحانی گُرو گرفتار

پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے موبائل فون اور لیپ ٹاپ سے تصاویر اور ویڈیوز سمیت دیگر شواہد بھی تحویل میں لے لیے


ویب ڈیسک August 20, 2026
بھارت میں جعلی گرو اور موٹیویشنل اسپیکر نے لڑکی کی قابل اعتراض تصاویر بنوائیں

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں خود کو موٹیویشنل اسپیکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ظاہر کرنے والے 23 سالہ ملزم کو 22 سالہ لڑکی سے قابلِ اعتراض تصاویر حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے زیرِ استعمال ایک لیپ ٹاپ اور موبائل فون قبضے میں لے لیا ہے۔ ملزم کی شناخت دِویا جتیندر پرمار کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک قابلِ اعتماد شخصیت بنانے کے لیے باقاعدہ انداز میں خود کو موٹیویشنل اسپیکر، انفلوئنسر اور روحانی رہنما کے طور پر پیش کیا اور سوشل میڈیا پر رابطہ کر کے رفتہ رفتہ لڑکی کا اعتماد حاصل کیا۔

متاثرہ لڑکی کے بقول اعتماد قائم ہونے کے بعد ملزم نے لڑکی کو یہ باور کرایا کہ اس کے جسم سے منفی توانائی ختم کرنے کے لیے مخصوص طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔ اسی بہانے اس نے خاتون کو اپنی نجی تصاویر بھیجنے پر مجبور کیا اور بعض جسمانی مشقیں کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

بعد ازاں ملزم ان تصاویر کی بنیاد پر متاثرہ لڑکی کو ہراساں کرنے لگا اور جنسی تعلق استوار نہ کرنے پر تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔ جس پر لڑکی نے تھانے جاکر مقدمہ درج کروادیا۔

پولیس نے تحقیقات کے دوران ملزم کو گرفتار کر کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ کے علاوہ تصاویر، پیغامات اور ویڈیوز سمیت دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی تحویل میں لیے ہیں۔ ان شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معاملے کی مکمل نوعیت سامنے آسکے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم نے ممکنہ طور پر اسی طریقے سے دیگر خواتین کو بھی اپنے جال میں پھنسایا ہو جس کے باعث اس پہلو سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔