اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے میں حماس کے کمانڈر سمیت 10 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے نصیرات کیمپ اور پولیس مرکز پر فضائی بمباری کی


ویب ڈیسک August 20, 2026

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے تازہ کارروائیوں میں کم از کم 10 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ان حملوں میں حماس کے ایسے کمانڈروں اور ارکان کو نشانہ بنایا گیا جو غزہ میں موجود اسرائیلی فوجیوں کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

فلسطینی ذرائع نے تصدیق کی کہ غزہ کے نصیرات کیمپ پر کیے گئے اسرائیلی حملے میں ایک شخص شہید ہوا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں حماس کا ایک کمپنی کمانڈر نشانہ تھا جو 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حملے میں شریک تھا۔

اس کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد غزہ سٹی کے علاقے تفاح میں ایک پولیس مرکز کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں 13 سالہ بچی سمیت 9 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔

 

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حملے کے وقت حماس کے عسکری ونگ کے کم از کم چار ارکان اور پاپولر ریزسٹنس کمیٹیز نامی تنظیم کا ایک رکن موجود تھا۔

دوسری جانب حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگ بندی کی تمام اپیلوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کو بھی حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیا۔

اس سے ایک روز قبل بھی غزہ سٹی کی بندرگاہ کے قریب ایک کیفے پر اسرائیلی حملے میں 7 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے اس کارروائی کو بھی حماس کے کمانڈروں کے خلاف کارروائی قرار دیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے 19 اگست کو ایک روز قبل کیے گئے حملے سے متعلق مزید تفصیلات بھی جاری کیں۔ فوج کے مطابق غزہ سٹی کے ساحلی علاقے میں کیے گئے حملے میں حماس کے نُخبہ فورس سے وابستہ چار کمانڈرز کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ کمانڈر 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں شریک تھے اور حالیہ عرصے میں غزہ میں موجود اسرائیلی فوجیوں کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے وسطی اور جنوبی غزہ میں تقریباً 2 کلومیٹر طویل دو زیرزمین سرنگوں کو کنکریٹ سے بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ کارروائی غزہ کے ان علاقوں میں حماس کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جو اسرائیلی فوج کے زیر کنٹرول ہیں۔