کراچی:
میر رضا علی قتل کیس کے سلسلے میں قائم تحقیقاتی ٹیم نے معاملے کو شفاف بنانے کے لیے اہم سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی عامر فاروقی نے ایک انٹرویو کے دوران وضاحت کی کہ میر رضا علی کے آخری لمحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو عوام کے سامنے لانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد کیس کے سلسلے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
میر رضا کے والدین کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط اور تفتیش کے دوران قریبی افراد سے کیے جانے والے سوالات پر اٹھنے والے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پوچھ گچھ کیس کے مختلف پہلوؤں اور متوفی کی زندگی سے جڑے لوگوں تک رسائی کے لیے ناگزیر ہے۔
ڈی آئی جی عامر فاروقی نے مزید کہا کہ زیرِ تفتیش لائے گئے تمام افراد کا مشکوک ہونا ضروری نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی عمل کا بنیادی مقصد صرف میر رضا کی زندگی کے پوشیدہ گوشوں کو سمجھنا اور کسی بھی غیر معمولی یا مشکوک شواہد کی نشاندہی کرنا ہے۔