کوئی مائی کا لعل وزیراعظم نوازشریف سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا حمزہ شہباز

عمران خان سول نافرمانی کا اعلان کرکے پاکستان سے دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن)

نوازشریف کے پاس شیر کا کلیجہ ہے اورانہوں نے عمران خان کی جانب سے استعمال کی گئی غیرمہذبانہ زبان کا جواب نہیں دیا، حمزہ شہباز، فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہےکہ عمران خان سول نافرمانی کا اعلان کرکے پاکستان سے دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں جبکہ عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ کوئی مائی کا لعل نوازشریف سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا۔


لاہور میں استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے بھی آئین کی پاسداری اور ججوں کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور اپنا ہدف پورا ہونے پر گوجرانوالہ سے واپس چلے گئے جبکہ عمران خان نے لاہور سے نکلتے ہوئے کہا تھا کہ آدھے راستے میں ہی وزیراعظم کا استعفیٰ آجائے گا لیکن ہمیں نہیں معلوم وہ کیوں لاہور میں ہی گھومتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سول نافرمانی کا اعلان کرکے پاکستان سے دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں جبکہ قوم نے ان کےمطالبات کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا ہے کہ کوئی مائی کا لعل نوازشریف سے استعفیٰ نہیں مانگ سکتا۔

حمزہ شہباز کاکہنا تھا نوازشریف کے پاس شیر کا کلیجہ ہے اورانہوں نے عمران خان کی جانب سے استعمال کی گئی غیرمہذبانہ زبان کا جواب نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فخر الدین جی ابراہیم جیسے ایماندار شخص پرالزامات لگائے لیکن وہ جان لیں کہ تکبر کا سر ہمیشہ نیچا ہوا کرتا ہے، عمران خان حکومت کی 5 سالہ مدت پوری ہونے کے بعد اپنی قسمت آزمائیں۔
Load Next Story