اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے آج ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے رابطہ کیا جس میں خطے کی صورتحال اور پاک ملائیشیا تجارت میں اضافے پر بات چیت کی گئی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہوئی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس رفتار کو مزید آگے بڑھانے، بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال، بالخصوص خلیج کی صورتحال، بھی زیرِ بحث آئی۔ ڈاکٹر انور ابراہیم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قابلِ تحسین کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ سری سیف الدین سے ملاقات، پاکستان اور ملایشیا کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط
وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا خیرمقدم کیا پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے جاری کوششوں کی ملائیشیا کی جانب سے حمایت کو سراہا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ملائیشیا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔