برطانوی شہزادہ ہیری اور 6 دیگر معروف شخصیات کو پرائیویسی کیس ہارنے کے بعد ڈیلی میل کے پبلشر ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ کو ابتدائی طور پر 95 لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ قانونی اخراجات کی مد میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت نے اس مقدمے میں شہزادہ ہیری کے علاوہ معروف گلوکار سر ایلٹن جان، ان کے شوہر ڈیوڈ فرنش، سر سائمن ہیوز، اداکارہ سیدی فراسٹ، اداکارہ لز ہرلی اور بیرونس ڈورین لارنس پر ہرجانہ عائد کیا ہے۔
ان ساتوں افراد نے ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کے اخبارات نے ان کی نجی زندگی کے بارے میں معلومات غیر قانونی طریقے سے حاصل کیں تاہم پبلشر نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی۔
مقدمے میں شہزادہ ہیری اور دیگر مدعیان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انھیں طویل عرصے تک غیر قانونی طور پر نشانہ بنایا گیا تاہم 7 جولائی کو جسٹس نکِلِن نے ساتوں مدعیان کے دعوے مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ وہ اپنے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ مقدمے میں سنگین نوعیت کے بعض الزامات واپس نہ لینا غیر معمولی حد تک غیر معقول طرزِ عمل تھا۔ عدالت نےڈیلی میل کے پبلشر کے قانونی اخراجات ''انڈیمنٹی بیسس'' بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔
ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز لمیٹڈ نے مجموعی اخراجات 3 کروڑ 45 لاکھ پاؤنڈ تک بتائے ہیں تاہم جج نے اس رقم کو بادی النظر میں بہت زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حتمی اخراجات کے تعین کے وقت ان کی معقولیت کا جائزہ لیں گے۔
شہزادہ ہیری اور دیگر مدعیان کو 2 اکتوبر تک فیصلے کے خلاف اپیل کی کوشش کا حق حاصل ہے۔ دوسری جانب ڈیلی میل نے فیصلے کو اپنے اخبارات اور صحافیوں کے خلاف مقدمے کی شدید تنقید قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ برطانوی ہائی کورٹ میں اس الزام پر دائر کیا گیا تھا کہ ڈیلی میل، میل آن سنڈے اور میل آن لائن سے وابستہ افراد نے جاسوسی، نجی معلومات کے غیر قانونی حصول اور دیگر غیر قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے مدعیان کی نجی زندگی میں مداخلت کی ہے۔