کراچی:
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صنعتی علاقوں کے لیے سوا 9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ترقیاتی کام دسمبر تک مکمل کرلیے جائیں گے۔
فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صوبائی حکومت کے خلاف ہمیشہ منفی پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی علاقوں کو تیسری بار ترقیاتی فنڈ جاری کیے گئے، اب ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کرنا صنعتی تنظیموں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام صنعتی علاقوں کے لیے 9 ارب 25 کروڑ روپے فنڈ اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے ہیں۔ فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ترقیاتی کاموں میں دیگر صنعتی علاقوں کے مقابلے میں سرفہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فارمولے کے ذریعے ترقیاتی کام دسمبر تک مکمل ہوں گے۔ صنعت کاروں سے کہا گیا ہے کہ فنڈز حکومت فراہم کرے گی اور کام وہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کروں گا کہ دیے گئے فنڈز صنعت کار سڑکوں پر لگارہے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ اگلے مالی سال میں بھی صنعتی علاقوں کی ترقی کے لیے مزید فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیادت نے فائر بریگیڈ کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ جدید فائر بریگیڈ سسٹم کے لیے 7 ارب روپے کا ترقیاتی کام شروع ہوگا۔ فائر بریگیڈ کے محکمے میں نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی، جبکہ حکومت سندھ کو نئی بھرتیوں کی اجازت کے لیے خط بھیج دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھرتیوں پر عائد پابندی کابینہ کی منظوری کے بعد جلد ختم ہوجائے گی۔ ہمارے 17 فائر ٹینڈرز خراب ہوگئے تھے، جنہیں دوبارہ بحال کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے بجٹ بھی منظور کرلیا گیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں پانی کی دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہے، تاہم پانی اس وقت صرف کراچی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ پانی کی کمی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صنعتی زون کو یومیہ 15 کروڑ گیلن پانی درکار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتیں اس وقت سب سائل کے ذریعے اپنی پانی کی ضروریات پوری کررہی ہیں، جبکہ سب سائل کی آمدنی واٹر اینڈ سیوریج کو آنا شروع ہوگئی ہے۔ پاکستان کا پہلا انڈسٹریل واٹر پارک ہارون آباد میں ٹیسٹنگ کے لیے آپریشنل کردیا گیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انڈسٹریل واٹر پارک میں پانی کو ٹریٹمنٹ سائیکل سے گزار کر صنعتوں کو ساڑھے 3 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے صنعتوں کو ملنے والا مقررہ پانی سرکاری نرخ پر فروخت کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی ستمبر میں انڈسٹریل واٹر پارک کا افتتاح کریں گے۔ مزید یہ کہ پاکستان کے پہلے بریسٹ سرجری سینٹر کا افتتاح بھی ستمبر میں کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پنجاب میں بارش کے بعد صورتحال انتہائی ابتر ہے ۔ پنجاب حکومت کے بڑے بول ان کے سامنے آرہے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت پر تنقیدی وار نہیں کریں گے بلکہ اس صورتحال میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ پریس کانفرنس سے نئے صوبے کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ آئین کے مطابق نئے صوبے کے قیام کے لیے اسمبلی میں قرارداد پیش کرنا ہوگی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ فیصلہ سازی کا عمل ہے، جبکہ بیوروکریسی کے نظام میں فائلیں چھپ جاتی ہیں جو بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ای سی سی کے فیصلے کے باوجود بیوروکریسی پی این ایس سی کے 20 ملین ڈالر کا مسئلہ حل نہیں کرپارہی۔
فباٹی کے صدر شیخ تحسین نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا 860 ملین روپے کی گرانٹ فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی اور ڈی سی سینٹرل فباٹی زون سے مسلسل تعاون کررہے ہیں۔
شیخ تحسین نے کہا کہ 2018 کے بعد 2026 میں گرانٹ ملی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو سالانہ مینٹیننس بجٹ کی تجویز دی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے فباٹی کو سالانہ مینٹیننس بجٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔