موبائل فونز، لیپ ٹاپس سمیت مختلف الیکٹرانک ڈیوائسز مینوفیکچرنگ کے کیلئے پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ

الیکٹرانک ڈیوائسز کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال پر ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز ہے


ارشاد انصاری August 22, 2026

وفاقی حکومت  نے سگنلز بوسٹرز، ڈونگلز اور بائیو میٹرک مشینوں اور موبائل فونز، لیپ ٹاپس سمیت مختلف الیکٹرانک ڈیوائسز کی مقامی سطع پر مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کیلئے جامع پالیسی متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ الیکٹرانک ڈیوائسز کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال پر ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے الیکٹرانک ڈیوائسز اور موبائل فونز کے درآمدی بل میں کمی کیلئے میڈ اِن پاکستان پالیسی تیار کرلی گئی ہے مگرپالیسی کی منظوری نہ ہونے کے باعث عملدرآمد تاخیر کا شکار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈ اِن پاکستان پالیسی کے تحت موبائل فونز، لیپ ٹاپس سمیت مختلف الیکٹرانک ڈیوائسز پاکستان میں تیار کی جائیں گی،جبکہ سگنلز بوسٹرز،ڈونگلز اور بائیو میٹرک مشینوں کی مقامی تیاری بھی پالیسی کا حصہ ہے۔

پالیسی میں الیکٹرانک ڈیوائسز کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال پر ٹیکس چھوٹ دینے کی تجویز شامل ہے،جبکہ درآمدی الیکٹرانک اشیا پر 5 فیصد تک لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

پی او ایس مشینیں، ٹریکرز سسٹم اور اسمارٹ واچز بھی پاکستان میں تیار کرنے کی تجویز ہے اس اقدام سے ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ حکومت کو کروڑوں ڈالر کی بچت بھی ہوگی،پاکستان میں سالانہ 42 کروڑ 23 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی الیکٹرانک ڈیوائسز درآمد کی جاتی ہیں۔