کراچی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ معمول بن گیا ہے، مظاہروں کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہونے سے عام شہریوں کو انتہائی دقت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جہاں ٹریفک جام سے شہریوں کا مہنگا ترین ایندھن بلاوجہ ضائع ہو رہا ہے وہی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
کراچی کے علاقے پاک کالونی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف منگھوپیر روڈ بسم اللہ ہوٹل اور ریکسر لائن کے قریب شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، جس کی وجہ سے عام شہریوں کو انتہائی مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
مظاہرین کی جانب سے کے-الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے اور نظام درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ پرانا گولیمار ، ڈاکخانہ والی گلی، ولی محمد گوٹھ، پریل محلہ، عائشہ ولیج، غریب نواز کالونی، ریکسرلائن، تاج الدین بابا اصل اولیا ولیج، ساجد والی گلی، ٹرانس لیاری پارک کے اطراف کے علاقے سمیت دیگر علاقوں میں 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے اور بسم اللہ ہوٹل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی گزشتہ 3 روز سے بجلی نہیں ہے جس کی وجہ سے پانی کی بھی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیپرا حکام بھی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ان کی جانب سے شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کا کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا ہے۔
شہر میں احتجاج کے دوران بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ آئے روز بجلی اور پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے مظاہروں کا سلسلہ معمول بنتا جا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے حکومتی سطح پر بھی کوئی اقدامات دیکھنے میں نہیں آرہے ہیں، جس کا خمیازہ شہریوں کو بدترین ٹریفک جام میں اپنا قیمتی وقت اور مہنگا ترین ایندھن ضائع کر کے برداشت کرنا پڑتا ہے۔
بجلی کی عدم فراہمی پر لیاقت آباد کے علاقے غریب آباد کے قریب حسن اسکوائر جانے والی سڑک پر شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائروں اور کچرہ نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا، جس کے باعث لیاقت آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں بجلی کی عدم فراہمی نے زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مکینوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ادھر منگھوپیر روڈ ملنگ ہوٹل بنارس چوک کے قریب بھی علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کر کے ٹریفک معطل کر دیا جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑگیا۔
مظاہرین کی جانب سے متعلقہ حکام کے خلاف نعرے لگائے گئے اور فوری طور پر بجلی اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔