کراچی:
سندھ ہائی کورٹ نے پنشن کیس میں خاتون کو مردہ قرار دینے کے معاملے میں بڑا حکم جاری کردیا۔
عدالت عالیہ میں ریٹائرڈ ملازم کی اہلیہ کو مردہ قرار دے کر پینشن وصول کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے یوسی چیئرمین صالح محمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور انہیں آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
درخواست گزار خاتون صفیہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے شوہر کی 3 شادیاں تھیں۔ وکیل کے مطابق نادرا اور یونین کونسل کے مطابق صفیہ بیگم انتقال کرچکی ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ نادرا اور یونین کونسل کی جانب سے صفیہ کے انتقال کی تصدیق کے بعد پینشن پہلی بیوی کو مل رہی ہے۔ معاملے پر نادرا کے وکیل نے اپنا مؤقف بھی عدالت کے سامنے پیش کیا۔
وکیل نادرا نے عدالت کو بتایا کہ نادرا صرف آن لائن والے ریکارڈ کی تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کے ریکارڈ کے مطابق خاتون کا انتقال ہوچکا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے یوسی چیئرمین صالح محمد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی۔