ٹرمپ کا دعویٰ مسترد؛ آبنائے ہرمز پر مکمل اور خودمختار کنٹرول ہے؛ ایران

امریکی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کرکے مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے


ویب ڈیسک August 25, 2026
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ پاسداران انقلاب والے فرار ہوگئے اور اب ہرمز امریکی فوج کے کنٹرول میں ہے

ایران کے اوّل نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل خودمختار اور قانونی اختیار حاصل ہے اور اس کا کنٹرول بھی ایران کے پاس ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے آئی ایس این اے کے مطابق محمد رضا عارف نے آبنائے ہرمز سے متعلق ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کی ملکیت ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا کنٹرول اس کے قومی وسائل اور خودمختاری سے جڑا ہوا معاملہ ہے جس پر ایران اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے مزید کہا کہ ایران کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور جو بھی ایران کو دھمکی دے گا یا جارحانہ رویہ اختیار کرے گا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

محمد رضا عارف نے سخت لہجے میں امریکا کو خبردار کیا کہ ایران کی طرف بری نظر سے دیکھنے والے دشمن کو بھی اپنے اقدام پر پچھتاوا ہوگا۔

خیال رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرۂ عرب سے ملانے والا ایک انتہائی اہم سمندری راستہ ہے جہاں سے دنیا بھر کے لیے تیل و گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔

امریکا اور اسرائیل کے مارچ میں حملے اور جنگ مسلط کرنے کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا اور صرف مخصوص جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

دنیا بھر میں تیل و گیس کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنی لگی ہیں جس کے باعث دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں اور امریکا و برطانیہ سمیت افراط زر میں اضافہ ہوا ہے۔