اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات کیلیے اقدام

اسلام آباد سے مدینہ منورہ جانے والے مسافروں نے پہلی بار میٹ اینڈ اسسٹ سروس ’خوش آمدید ‘ کا استعمال کیا


ویب ڈیسک August 26, 2026

اسلام آباد:

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کوعالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدام کیا گیا ہے۔

وزیراعظم  شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کے وژن کے مطابق ایوی ایشن سیکٹر کو جدید بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے مطابق مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’خوش آمدید‘ سروس کا  باضابطہ آغازکر دیا گیا ہے۔

وفاقی سیکرٹری دفاع  لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد علی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خصوصی سہولت سروس کا افتتاح کیا، اس تقریب میں حکومتی اداروں، ایوی ایشن، سیاحت اور دیگر شعبوں کے اعلیٰ حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔

اسلام آباد سے مدینہ منورہ جانے والے مسافروں نے پہلی بار میٹ اینڈ اسسٹ سروس ’خوش آمدید ‘ کا استعمال کیا۔ ’خوش آمدید‘ سروس کے تحت مسافروں کو ترجیحی چیک ان، سیکیورٹی کلیئرنس میں سہولت اور ذاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔

سروس کے تحت پریمیم لاؤنج سہولیات اور ایئرپورٹ پک اینڈ ڈراپ کی خدمات مختلف پیکیجز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ پرسکون سفر اور ہوائی اڈوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے پریمیم سروس کا آغاز وزارت دفاع کی خصوصی کاوشوں کا مظہر ہے۔