اسلام آباد:
وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات پاکستانی بندرگاہوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
بندرگاہی نظام میں اصلاحات، جدید سہولیات اور مؤثر انتظامی اقدامات سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ بندرگاہی شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کو عالمی معیار کا خصوصی تربیتی ادارہ قائم کرنے کا بھی منصوبہ بنا گیا ہے۔
بندرگاہوں، آف ڈاک ٹرمینلز، کسٹمز اسٹیشنز اور تجارتی نظام کی سالانہ و اچانک معائنے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے گا۔ بندرگاہی معائنہ گاہوں میں جدید سہولیات اور محفوظ ماحول سے کارگو ہینڈلنگ کی رفتار اور کارکردگی میں اضافہ ممکن ہوگا۔
کسٹمز رولز کے تحت معائنہ مراکز کی اَپ گریڈیشن، 24 گھنٹے آپریشن اور جدید اسکیننگ سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات اور این ایل سی سمیت متعلقہ ادارے بندرگاہی نظام کی بہتری کے لیے مربوط اقدامات کر رہے ہیں۔ جدید آلات، سی سی ٹی وی نگرانی اور بہتر سیکیورٹی سے کارگو معائنے کا عمل تیز اور شفاف بنانے کی تجویز دی گئی۔
جدید ’پورٹیبل ویئنگ اسکیلز‘، باقاعدہ ’کیلیبریشن‘ اور ’ہائی ویلیو کارگو ایریاز‘ میں توسیع سے آپریشنل مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اضافی سہولیات اور بہتر انتظامی شیڈولنگ سے بندرگاہوں پر کارگو ہینڈلنگ بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
بندرگاہی انفرا اسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور انتظامی اصلاحات سے پاکستان کی تجارتی استعداد اور عالمی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔