نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سیکریٹری جنرل دولت مشترکہ شرلی بوچوی نے رکن ممالک کے درمیان نوجوانوں، موسمیاتی تبدیلی اور اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا ہے۔
دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی بوچوی سے لندن میں مارلبورو ہاؤس میں ملاقات کی اور پاکستان کے دولت مشترکہ کے ساتھ مضبوط عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان نوجوانوں، موسمیاتی لچک اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی حمایت کا اظہار کیا اور دولت مشترکہ کے اندر تجارت کے فروغ کے لیے بینکاری شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے دولت مشترکہ کے ڈیزاسٹر ریزیلینس ہب کی میزبانی اسلام آباد میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں کرنے کی پیش کش کو دہرایا کیا۔
دولت مشترکہ کی سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی پیش کش کا خیرمقدم کیا جبکہ نائب وزیراعظم نے آفات سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے اور دولت مشترکہ میں نوجوانوں سے متعلق سرگرمیوں میں اضافے پر اتفاق کیا، دولت مشترکہ یوتھ منسٹرز میٹنگ کی پاکستان کی مشترکہ صدارت کے تحت نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کو مشرق وسطیٰ کی صورت حال بالخصوص امریکا اور ایران کے درمیان امن کے لیے پاکستان کے کردار سے آگاہ کیا جبکہ سیکریٹری جنرل شرلی بوچوی نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی اور امن کوششوں پر پاکستان بالخصوص نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مبارک باد دی اور ان کی انتھک سفارتی کوششوں کو سراہا۔
سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے ایک تباہ کن جنگ کو ٹالنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مدد ملی۔