لیبیا میں اب بھی 5700 پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں طارق فاطمی

پاکستانی سفارتخانے کے کیمپوں میں2500پاکستانی مقیم ہیں جبکہ 3200پاکستانیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے، مشیر وزیر زعظم


Numainda Express August 26, 2014
لیبیا سے اب تک پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے 730 پاکستانیوں کو نکالا جاچکا ہے، طارق فاطمی فوٹو: فائل

SUKKUR: حکومت نے لیبیا سے 5700 پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

لیبیا میں محصور پاکستانیوں کے فوری انخلا کے لیے ضروری فنڈز کی فراہمی سے متعلق وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ لیبیا میں جاری خانہ جنگی کے دوران اب تک پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے 730 پاکستانیوں کو نکالا جاچکا ہے۔ تریپولی میں پاکستانی سفارت خانے کے قائم کردہ کیمپوں میں 2500 پاکستانی مقیم ہیں جبکہ 3200 دیگر پاکستانیوں کی سفارت خانے میں رجسٹریشن کرائی گئی ہے جوواپسی کے منتظرہیں۔

سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمدعلی گردیزی نے بتایاکہ 28اگست سے حج پروازوں کے آغاز کی وجہ سے پی آئی اے کے لیے لیبیا سے 5700 پاکستانیوں کے انخلا کے لیے جہاز مخصوص کرنا ممکن نہیں۔ انھوں نے کہاکہ پی آئی اے کو 1200 ڈالر فی کس لاگت آتی ہے۔ اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے ہدایت کی کہ لیبیا میں محصور پاکستانیوں کے انخلا کے لیے فوری اقدام کیے جائیں۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں سفارت خانے کی جانب سے مقامی ایئرلائنوں کو آپریشن میں شامل کرنے کی تجویزدی گئی ہے جنھوں نے 100 ڈالر فی کس پر آمادگی ظاہر کی ہے جو واحد دستیاب آپشن ہے۔ وزیرخزانہ نے وزیراعظم کی مشاورت سے 5700 پاکستانیوں کے انخلا کے لیے سفارت خانے کو 40کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں